ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو کے اُلال میں جلائی گئی بیف کی دکانوں کو دوبارہ کیا گیا بحال۔ پی ایف آئی کا شرپسندوں کو گرفتار کرنے کامطالبہ

منگلورو کے اُلال میں جلائی گئی بیف کی دکانوں کو دوبارہ کیا گیا بحال۔ پی ایف آئی کا شرپسندوں کو گرفتار کرنے کامطالبہ

Mon, 11 Jan 2021 16:16:28    S.O. News Service

منگلورو 11؍جنوری (ایس او نیوز) الال سے قریب تھوکٹو میں دو دن قبل شرپسندوں نےبیف کی جن دکانوں کو آگ لگاکر تباہ کردیا تھا اسے الال میونسپالٹی کی اجازت سے دوبارہ بحال کردیا گیا ہے۔ اس کے لئے ایم ایل اے یوٹی قادر  نے خصوصی دلچسپی لی اور بلدیہ کی نگرانی میں اسی دن دکانوں کو بحال کروایا گیا جس دن آتشزنی کی گئی تھی۔

معلوم ہوا ہے کہ جن تین دکانوں کو شرپسندوں نے رات کے وقت آگ لگائی تھی  وہ کئی برسوں سے بلدیہ سے لائسنس کے ساتھ بیف بیچنے والی دکانیں تھیں۔ چونکہ اصل مارکیٹ کی مرمت اور تعمیر نو ہورہی ہے اس لئے مارکیٹ کے قریب میں واقع خالی جگہ پر میونسپالٹی کے اجازت سے ان دکانو ں کو عبوری طور پر منتقل کیا گیا تھا۔

 بیف کی دکانوں کو آگ لگانے کی بات معلوم ہوتے ہی بیف بیوپاریوں کی ایسو سی ایشن کے ذمہ داروں نے   رکن اسمبلی یو ٹی قادر سے ملاقات کی۔ اس کے علاوہ میونسپالٹی کے حکام اور پولیس افسران سے ملاقات کرکے انصاف دلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جلائی گئی بیف کی دکانیں اسی مقام پر از سر نو بحال کروائی جائیں۔سٹی میونسپالٹی کی صدر چتراکلا ، نائب صدر ایوب منچیلا، علاقے کی کاونسلر گیتا بائی وغیرہ نے جائے واردات پر پہنچ  کر معائنہ کیا اور جلد ہی انصاف دلانے کا وعدہ کیا۔اس کے بعد ان دکانو ں کو شام تک دوبارہ بحال کردیا گیا۔

 اس موقع  پر کانگریس پارٹی کے ذمہ داران کے ایک وفد نے موقع پر پہنچ کر بیف اسٹالس پر کاروبار جاری رکھنے کے لئے ضروری تعاون او ر حمایت کا یقین دلایا۔ الال سٹی میونسپالٹی کے نائب صدر ایوب نے یقین دلایا کہ قانونی طور پر کاروبار کرنے والوں  کو الال میونسپالٹی کی پوری طرح حمایت حاصل رہے گی۔کانگریس کے ضلعی ترجمان فاروق الال، سی ایم سی کے سابق صدر اور موجودہ کاونسلر باسل ڈیسوزا وغیرہ نے بھی بیف کاروباریوں سے خطاب کیا۔

 اس دوران پی ایف آئی منگلورو کے صدر عبدالقادر کے علاوہ یونیویف کے  ریاستی صدر رفیع الدین کدرولی نے  اس شرپسندانہ حرکت کی سخت مذمت کی اور مطالبہ کیا  کہ علاقے کے امن وامان کو بگاڑنے کی سازش کرنےو الوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور بیف کی دکانوں کو آگ لگاکر اشتعال انگیزی کرنے والے شرپسندوں  کو فوراً گرفتار کرکے سخت سے سخت سزا دی جائے۔


Share: